(دہرادون، 29/نومبر (ایس او نیوز آئی این ایس انڈیا) نابھا جیل حملے کے سرغنہ پرمندر سنگھ عرف پیندا کے دو قریبی ساتھیوں کو یہاں گرفتار کیا گیا ہے، پولیس کو شبہ ہے کہ شہر میں موجود ان کے ٹھکانے پر ہی حملے کی سازش رچی گئی تھی۔ایس ایس پی سدانند داتے نے بتایا کہ پیندا کے دوست سنیل اروڑہ کی بیوی گیتا اروڑہ اور ایک دوسرے ساتھی آدتیہ مہرا کو کل یہاں سے گرفتار کیا گیا، وہ شہر کے رائے پور علاقے میں سنیل کے ساتھ ایک کرائے کے مکان میں رہ رہا تھا،بہر حال، اروڑہ کا ایک اور ساتھی وہاں سے فرار ہونے میں کامیاب رہا۔داتے نے بتایا کہ سنیل، پیندا کا قریبی دوست ہے، وہ 6 مہینے سے اروڑہ جوڑے کے ساتھ رہ رہا تھا، جیل پر حملہ کرنے کے لیے پانچ دن پہلے ہی وہ یہاں سے نکلا تھا۔انہوں نے بتایا کہ جیل پر حملہ کرنے کی سازش شاید شہر میں ان کے ٹھکانے پر ہی رچی گئی تھی۔ایس ایس پی نے بتایا کہ کئی فرضی گاڑی نمبر پلیٹیں، ووٹر کارڈ، سم کارڈ، موبائل فون، گولیاں، بم بنانے کے لیے استعمال کی جانے والے مواد اور 2 لاکھ روپے نقد اس گھر سے برآمد کئے گئے ہیں، جہاں سے دونوں کو گرفتار کیا گیا۔غورطلب ہے کہ خالصتان لبریشن فرنٹ (کے ایل ایف)کا سرغنہ ہرمندر سنگھ منٹو اتوار کو اپنے پانچ ساتھی قیدیوں کے ساتھ پنجاب کے نابھا جیل سے فرار ہو گیا تھا، اسے کل دہلی کے نظام الدین ریلوے اسٹیشن سے گرفتار کر لیا گیا۔